ممبئی،2؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے اتوارکوکہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے قافلے میں 12 کروڑ روپے کی کار شامل کرنے کے بعد خود کوفقیر کہنا چھوڑ دینا چاہئیے۔شیوسینا کے ترجمان سامنامیں شائع ہونے والے اپنے ہفتہ وار کالم میں سنجے راوت نے سابق وزیر اعظم جواہر لال نہروکی تعریف کی اور لکھاکہ جواہر لال نہرو ہمیشہ ہندوستان میں بنی گاڑی استعمال کرتے تھے اور آنجہانی اندراگاندھی نے اپنی جان کو خطرہ ہونے کے باوجود اپنے سیکورٹی اہلکاروں کو تبدیل نہیں کیا تھا۔
راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے لکھا کہ 28 دسمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے 12 کروڑ روپے کی کار کی تصاویر میڈیا میں شائع ہوئیں۔ ایک شخص جو خود کو فقیر اور پردھان سیوک کہتا ہے، بیرون ملک میں بنی کار کا استعمال کرتا ہے۔ لیکن اب سے وزیر اعظم کو یہ نہیں دہرانا چاہیے کہ وہ فقیرہیں۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق مرسیڈیز بیچ ایس 650 کار کو حال ہی میں وزیر اعظم کے حفاظتی قافلے میں شامل کیا گیا ہے۔ ایس پی جی (خصوصی تحفظ گروپ) وزیر اعظم کی سیکورٹی کی دیکھ بھال کے لیے ذمہ دار ہے۔ پی ٹی آئی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ نئی گاڑی بی ایم ڈبلیو کمپنی کی جگہ استعمال کی جا رہی ہے۔وزیر اعظم پہلے BMW کاریں استعمال کرتے تھے لیکن کمپنی نے حال ہی میں اس ماڈل کی پروڈکشن روک دی ہے۔